ڈیرہ اسماعیل خان: وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈہ پور نے کہا ہے کہ امن و امان کا قیام اور انرجی کرائسس پر قابو پانا اولین ترجیح ہے۔ اقتدار ملتے ہی صحت کارڈ کا دوبارہ فوری آغاز کر دیا، رمضان المبارک کے دوران دسترخوان کے انعقاد، غریب اور نادار افراد میں عیدی پیکج اور حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب متاثرین میں فوری امدادی رقوم کی تقسیم سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز کرد یا گیا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئیوزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈہ پور نے کہا کہ وفاقی حکومت سے بقایا جات اور بجلی کی فراہمی سے متعلق مختلف مطالبات کیے ہوئے ہیں۔ پٹرول 145پر چھوڑا تھا جو کہ اب دوگنے سے زیادہ ہو چکا ہے وفاقی حکومت کو صوبے کا حساب دینا ہو گا بصورت دیگر دو تحریک چلائیں گے ایک ہماری پارٹی والی جبکہ دوسری عوامی ہو گی۔ صوبے کے پسماندہ علاقوں تک صحت سہولیات فراہم کریں گے۔ محکمہ تعلیم کے حوالے سے بھی مزیداصلاحات لائیں گے ہمارے وقت میں نظام تعلیم بہتری کے راستے پر تھا مگر اب دوبارہ چند ایسے سکو ل بھی ہیں جہاں 6اساتذہ ہیں جبکہ چند سکول بالکل خالی ہیں بہت سے اساتذہ مفت تنخواہیں لے رہیں ہیں۔جن پسماندہ علاقوں میں ترقی نہیں ہوئی وہاں سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے۔عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہو گا۔ لفٹ کینال اور ٹانک زام سمیت دیگر منصوبے ترجیحات میں شامل ہیں۔بجلی کیلئے جو چھوٹے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور ان سے جو نئی پیداوار ہو گی وہ براہ راست اکنامک زونز کو فراہم کریں گے کیونکہ انڈسٹری بڑھے گی تو لوگوں کو فائدہ ہو گا۔ جو محکمے ریوینو بنا رہے ہیں وہ دوبارہ انہی پر انوسٹ ہونا چاہیے اسی طر ح دیگر محکمے بھی اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈہ پور نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے بھی مختلف اقدامات اٹھا رہے ہیں اسلام میں رشوت دینے اور رشوت لینے والے دونوں کو جہنمی قرار دیا گیا ہے لہذا ایسے قبیح فعل کا قلع قمع کرنے کیلئے اوپر کی سطح پر کام کا آغاز کر دیا ہے ایسے عناصر کے خلاف نہ صرف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی بلکہ انہیں نشان عبرت بناتے ہوئے ایسی مثال قائم کریں گے تاکہ رشوت جیسی لعنت کا مکمل تدارک یقینی بنا سکیں۔سفارش یا تعلقات کی بنیاد پر کام کرانے کے سسٹم کی بھی نفی کریں گے۔
اس موقع پر وزیر اعلی علی امین گنڈہ پور نے کہا کہ میرا یہ پیغام ہے کہ میں عمران خان کے وژن پر کام کروں گا ہم نے مثال قائم کی ہے ہمارے ساتھ جو ہوا قانون کو توڑا گیا آئین شکنی ہوئی تب بھی سب کو معاف کیاتاکہ مل کے آگے بڑھیں۔ تمام محکموں کے افسران و اہلکار تندہی سے اور ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں مراعات کا جائز استعمال کریں بصورت دیگر نہ صرف سخت فیصلے بلکہ فوری ڈسمس کرنے ایکشن لوں گا۔ زیادتی کرنے والے کے بجائے مظلوم کا ساتھ دوں گا۔ عوام کا پیسہ کھانے والوں کو سزائیں ملیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری نوکریوں کے پیچھے نہ بھاگیں بلکہ لائیو سٹاک میں کام کریں کاروبار اپنائیں پھر آپ دیکھیں گے کہ سرکاری افسر سے بھی زیادہ کمائیں گے کیونکہ کاروبار میں برکت ہے تجارت اور محنت سنت بھی ہے جبکہ سرکاری بھرتی ہونے والا ایک کلاس فور ریٹائرمنٹ تک انہی سکیلز میں ہی رہ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو ماہ کے اندر تمام ترقیاتی منصوبوں پر عملی کام کا آغاز کر دیں گے مگر شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ اپنے املاک کی حفاظت کریں اپنے شہر کی خوبصورتی کو بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈہ پور نے کہا کہ منشیات کے خلاف مہم چلا رہے ہیں جس سے چوری ڈکیتی کے واقعات کا بھی تدارک ہو گا۔ اسمبلی میں ایکٹ لاں گا جس پر منشیات کے حوالے سے سزائے موت جیسی سخت سزائیں شامل ہوں گی۔ تعلیمی اداروں میں بھی منشیات کا رجحان بڑھ رہا ہے جس کے تدارک کیلئے پالیسیوں سمیت ریہیبیلی ٹیشن کیلئے بھی اقدامات اٹھائیں گے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈہ پور نے کہا بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کا تعلق فیڈرل سے ہے انہوں نے تو ہمارے لیڈر کو بے گناہ جیل میں ڈالا ہوا ہے ہمارے بقایا جات تک نہیں ادا کر رہے میں سخت اقدامات بھی اٹھا سکتا ہوں مگر جلدبازی کے بجائے تحمل اور شرافت کا راستہ اختیار کیا اگر حق مانگنے سے نہ ملا تو حق چھیننا پڑے گا اگر عوام نکل آئے تو یہ عوام کا سمندر دیکھ کر ہی پریشان ہو جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان اب بھی وزیر اعلی کا شہر ہے پہلے اور آج کے شہر میں بہت فرق ہے جبکہ مزید میگا پراجیکٹس بھی آئیں گے ابھی تو آغاز ہے آگے چل کر ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں مزید تیزی آئی گی۔