پشاور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر خیبرپختونخوا میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور بھاری بلوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان کی قیادت میں پشاور میں نشتر آباد چوک سے ہشتنگری چوک تک مظاہرہ کیا گیا جس میں پارٹی رہنماؤں سمیت کارکنان اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا شدید ترین لوڈ شیڈنگ کی زد میں ہے۔ شدید گرمی میں لوگ لوڈ شیڈنگ کی اذیت برداشت کر رہے ہیں۔
احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابرہیم کا کہنا تھا کہ ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف خیبرپختونخوا میں روزانہ کی بنیاد پر احتجاج اور دھرنے ہو رہے ہیں لیکن حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔
لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی ریلی سے اپنے خطاب میں پروفیسر محمد ابرہیم خان کا مزید کہنا تھا کہ آج جماعت اسلامی کی کال پر ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں، اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو احتجاج مزید سخت ہو سکتا ہے، کیونکہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ صوبے کے باقی حصوں میں بھی بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ اور اضافی بلوں کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔