پشاور(محمد سعد): مالی بحران سے دوچار صوبہ اور تبدیلی سرکار کی شاہ خرچیاں، تبدیلی سرکار کی کفایت شعاری کے بڑے بڑے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے گزشتہ چار سال کے دوران 209.25 ملین روپے کی لاگت سے صوبہ میں 1000 سی سی سے زائد کی 22 مختلف گاڑیاں جن میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی پروٹوکول میں شامل 101.00 ملین روپے کی بلٹ پروف گاڑی کی خریداری کا انکشاف ہوا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے گزشتہ چار سال کے دوران 1000 سی سی سے اوپر خریدی جانے والی سرکاری گاڑیوں کی تفصیلات سامنے آگئی جس کے دستاویزات کے مطابق سال 2020 سے سال2021 تک 22 مختلف گاڑیاں سی سی کی گاڑیوں کی خریداری پر 209.25 ملین روپے خرچ کئے گئے۔
دستاویزات کے مطابق محکمہ انتظامیہ امور خیبر پختونخوا کی جانب سے گاڑیوں کی خریداری پر عائد پابندی ہٹانے اور نرمی کرنے کے بعد 2020 کے آغاز میں صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد 42.158 ملین روپے میں 1800 سی سی کی 12 ٹویوٹا کرولا آلٹس گاڑی کی خریداری کی گئی۔
دستاویزات میں مزید کہا گیا کہ محکمہ انتظامیہ امور خیبر پختونخوا کی جانب سے گاڑیوں کی خریداری پر عائد پابندی میں نرمی کرنے کے بعد 2020 کے آخر میں صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد 21.193 ملین روپے کی لاگت سے ہنڈا سیویک 18 وی ٹی آوریل کی5اور گاڑیاں خریدی گئی جن میں ریجسٹریشن پر 0.5ملین روپے کے اخراجات آئے ۔
دستاویزات میں مزید کہا گیا کہ محکمہ انتظامیہ امور خیبر پختونخوا کی جانب سے گاڑیوں کی خریداری کے لئے صوبائی حکومت کی منظوری سے سال 2021 کے وسط میں29.593 ملین روپے کی جاری کردہ رقم سے کل 5گاڑیوں کی خریداری کی گئی جن میں 2021 ماڈل کی 4ہنڈا سیویک 1.8 سی وی ٹی آوریل اور 1 ہونڈا ایکورڈ 2021ماڈل کی گاڑیاں خریدی گئی جن میں ریجسٹریشن پر 1.4ملین روپے کے اخراجات آئے ۔
دستاویزات میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ محکمہ انتظامیہ امور خیبر پختونخوا کی جانب سے سال 2021کے آخر میں صوبائی حکومت کے منظوری کے بعد وزیر اعلیٰ کے زیر استعمال وی وی آئی پی پروٹوکول پول میں شامل بلٹ پروف جرمن بی ایم ڈبلیو (BMW) 101.00 ملین روپے میں خریدی گئی ۔
دستاویزات کے مطابق محکمہ انتظامیہ امور خیبر پختونخوا کی جانب سے سال 2021کے اختتام میں صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے 15.306 ملین روپے کی رقم جاری ہونے کے بعد 2022 ماڈل کیا سورینٹو 2.4 ایل کی 2 گاڑیاں خریدی گئی۔